پاکستان میں اس بار انتخابی مقابلہ انتہائی دلچسپ رہا ہے اور 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات میں نتائج آنے کا سلسلہ مکمل ہو گیا ہے۔ تمام قومی و صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن رزلٹ سامنے آ گئے ہیں۔
الیکشن 2024 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن کے حوالے سے بات کریں تو تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے 93 نشستیں حاصل کی ہیں جب کہ مسلم لیگ ن نے 75 اور پاکستان پیپلز پارٹی نے اب تک 54 نشستیں حاصل کی ہیں۔
متحدہ قومی موومنٹ یعنی ایم کیو ایم پاکستان نے 17، دیگر آزاد امیدواروں نے 8، مسلم لیگ ق نے 3، جمعیت علمائے اسلام ف نے 4، استحکام پاکستان پارٹی نے 3 اور بلوچستان نیشنل پارٹی نے 2 سیٹیں جیتی ہیں۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے 1، نیشنل پارٹی نے 1، پشتونخوا نیشل عوامی پارٹی پاکستان نے 1، مسلم لیگ ضیا نے 1، بلوچستان عوامی پارٹی نے 1 اور مجلس وحدت المسلمین نے بھی 1 نشست حاصل کی ہے۔
صوبائی اسمبلیوں کے انتخابی مقابلے کی صورتحال
پنجاب اسمبلی کے تمام انتخابی مقابلوں کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا جس کے مطابق سب سے زیادہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سمیت 138 آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق آزاد امیدوار کی شمولیت کے بعد مسلم لیگ ن کی نشستوں کی تعداد بھی 138 ہو گئی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 10 اور مسلم لیگ ق نے 8 نشستیں حاصل کی ہیں۔
انتخابی نتائج کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی نے 1، مسلم لیگ ضیا نے 1 اور تحریک لبیک پاکستان نے بھی 1 نشست حاصل کی ہے جبکہ ایک سیٹ پر الیکشن ملتوی کر دیا گیا ہے۔
سندھ اسمبلی کی تمام 130 نشستوں کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی 84 نشستوں کے ساتھ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے جبکہ ایم کیو ایم 28، آزاد امیدوار 13، جی ڈی اے 2 اور جماعت اسلامی بھی 2 سیٹیں جتینے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
اگر خیبر پختونخوا اسمبلی کی بات کریں تو 113 میں سے 110 نشستوں کے نتائج سامنے آ گئے ہیں جس میں 90 نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ جے یو آئی 7، مسلم لیگ ن 5، جماعت اسلامی 4 اور پیپلز پارٹی بھی 4 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔
بلوچستان اسمبلی کی 51 میں سے 45 نشستوں کے نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی نے 11، جے یو آئی نے بھی 11، مسلم لیگ ن نے 10، بلوچستان عوامی پارٹی نے 4، عوامی نیشنل پارٹی نے 2 اور نیشنل پارٹی نے بھی 2 سیٹیں جیت لی ہیں جب کہ 5 آزاد امیدوار بھی کامیاب رہے ہیں۔
آٹھ فروری کو پاکستان کے کروڑوں ووٹرز نے ووٹ کی تعریف اور اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنے ووٹ کی معلومات چیک کرنے کے بعد اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے ملک کی سولہویں قومی اسمبلی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں میں اپنے اپنے نمائندگان کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالنے کا درست طریقہ جان کر ووٹ ڈالے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ویڈیو میں چیف الیکشن کمشنر نے پوری پاکستانی قوم کو الیکشن 2024 کے پُر امن انعقاد پر تہہ دل سے مبارک باد پیش کی ہے۔